ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فڑنویس حکومت کو این سی پی کے تمام ممبران اسمبلی کی حمایت ہے: مرکز نے سپریم کورٹ میں کہا

فڑنویس حکومت کو این سی پی کے تمام ممبران اسمبلی کی حمایت ہے: مرکز نے سپریم کورٹ میں کہا

Mon, 25 Nov 2019 23:50:57    S.O. News Service

نئی دہلی،25نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے لئے بی جے پی کے پاس این سی پی کے تمام 54 ممبران اسمبلی کی حمایت ہونے کا دعوی کرتے ہوئے مرکز نے پیر کو سپریم کورٹ سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لئے دیویندر فڑنویس کو مدعو کرنے کے گورنر کے فیصلے کے خلاف درخواست پر جواب داخل کرنے کے لئے دو سے تین دن کا وقت دینے کو کہا۔شیوسینا،کانگریس،این سی پی نے  فڑنویس کو وزیر اعلی کے طور پر اور این سی پی کے اجیت پوار کو نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف دلانے کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔مرکز نے جسٹس این وی رمن، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ کو بتایا کہ گورنر نے پوری سمجھ داری سے سب سے بڑی پارٹی کو حکومت بنانے کے لئے 23 نومبر کو مدعو کیا تھا۔سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے عدالت عظمی کو بتایا کہ مہاراشٹر کے گورنر بغیر کسی مطلب کے اس بات کی جانچ نہیں کر سکتے کہ حکومت بنانے کے لئے کس پارٹی کے پاس نمبر ہے۔مہتا نے کہا کہ گورنر انتخابی نتائج کے بعد کے حقائق اور صورتحال سے آگاہ ہیں جس سے ریاست میں صدر راج لگایا گیا۔سپریم کورٹ نے فڑنویس کو مدعو کرنے کے کوشیاری کے خط پر غور کرنے کے بعد کہا کہ فیصلہ اس پر ہوگا کہ وزیر اعلی ایوان میں اکثریت ثابت کر پاتے ہیں یا نہیں۔سالیسٹر جنرل نے واضح کیا کہ گورنر نے شیوسینا، بی جے پی اور این سی پی کو حکومت بنانے کے لئے مدعو کیا تھا اور ان کے حکومت بنانے میں ناکام ہونے کے بعد ہی صدر راج لگایا گیا۔جیسے ہی پیر کو صبح سماعت شروع ہوئی تو مہتا نے گورنر اور فڑنویس کے خط پیش کئے۔بنچ نے اتوار کو یہ خط سونپنے کے لئے کہا تھا۔سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ شیوسینا،این سی پی، کانگریس کی اس درخواست پر غور نہیں کر رہا ہے کہ انہیں مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے لئے مدعو کیا جائے۔


Share: